صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پیرس اولمپکس میں پاکستان کو گولڈ میڈل دلوانے والے قومی ہیرو ارشد ندیم کی جیت پوری قوم کی جیت ہے۔
یاد رہے کہ فرانس میں جاری پیرس اولمپکس 2024 میں پاکستان کے اتھلیٹ اور قومی ہیرو ارشد ندیم نے پاکستان کو جیولین تھرو کے مقابلے میں گولڈ میڈل دلواتے ہوئے اولمپکس کی 118 سالہ تاریخ بدل دی ہے۔
واضح رہے کہ ارشد ندیم انفرادی مقابلوں میں پاکستان کو گولڈ میڈل دلوانے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں جبکہ اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے دوسرے جنوبی ایشین ایتھلیٹ ہیں۔
1984 اولمپکس کے بعد اور ہاکی کے علاوہ پاکستان کا یہ پہلا گولڈ میڈل ہے جبکہ اولمپکس کی تاریخ میں پاکستان کا 11 واں میڈل ہے۔
ارشد ندیم کی شاندار کامیابی پر صدر مملکت نے خصوصی پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ ’’ ارشد ندیم آپ پوری قوم کا فخر ہیں، آپکی جیت پوری قوم کی جیت ہے، فائنل میں شاندارا ولمپکس ریکارڈ قائم کرنا بڑا کارنامہ ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پیرس اولمپکس میں پاکستان کیلئے تمغہ جیت کر آپ نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا۔
آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے اولمپکس جیسے بڑے مقابلے میں پاکستان کا نام روشن کیا، اللہ تعالیٰ ارشد ندیم کو مستقبل میں مزید کامیابیوں سے نوازے، آمین۔