اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے مذمتی قرارداد منظور کرلی۔ سمٹ کے اعلامیہ میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا گیا کہ وہ غاصب اسرائیل کو عالمی قوانین کا پابند کرے اور غزہ میں نسل کشی رکوائے۔
جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے اہم اجلاس میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ نے شرکت کیں، سابق حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پراظہار افسوس کیا گیا اور مذمتی قرار داد منظور کی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے او آئی سی سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ نے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جرائم کی مذمت کی اور کہا کہ اسماعیل ہنیہ پر قاتلانہ حملہ ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ایرانی سرزمین پر مہمان کو نشانہ بنایا گیا تو کل کسی اور ممبر کی خودمختاری پر حملہ ہوگا۔ اس کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ اسحاق ڈار نے فلسطین میں اسرائیل کے سفاکانہ اقدامات کو پاگل پن قرار دیا۔
سعودی نائب وزیر خارجہ ولید بن عبدالکریم نے اسماعیل ہنیہ کے قتل کو ایران کی خود مختاری کی سنگین خلاف ورزی قراردے دیا۔ کہا کسی بھی ملک کی خودمختاری کی خلاف ورزی کو مسترد کرتے ہیں۔