ضلع مہمند اور مانسہرہ میں موسلا دھار بارش کے بعد سیلابی ریلے میں تین بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں کے باعث پچھلے 3 دنوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 18 تک پہنچ گئی ہے ۔
پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کی رپورٹ کے مطابق موسلا دھار بارش کے بعد سیلابی ریلے میں مہمند میں دو اور مانسہرہ میں ایک بچہ بہہ گئے اور ڈوبنے سے جاں بحق ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق 3 روز میں جاں بحق ہونے والوں میں 9 بچے ، 4 خواتین اور 5 مرد شامل ہیں۔
تیز بارشوں ،گلیشئر پھٹنے اوراس کے نتیجے میں آنے والے سیلابی ریلوں سے اب تک 82 گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے جس میں 19 گھر مکمل تباہ ہوچکے ہیں جبکہ کئی مقامات پر سڑکیں ،پل اور دیگر انفراسٹکچر کو بھی نقصان پہنچا۔