بنگلہ دیش کے صدر محمد شہاب الدین نے بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی ( بی این پی ) کی سربراہ خالدہ ضیا کو جیل سے رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
بنگلہ دیش میں جاری کشیدگی کے درمیان ایک تازہ اور مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے ، صدر محمد شہاب الدین نے اپوزیشن جماعت بی این پی کی سربراہ خالدہ ضیا کی رہائی کا حکم جاری کر دیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق بنگلا دیش کے صدر کی سیاسی رہنماؤں سے ملاقات ہوئی ہے جس میں پارلیمنٹ کی تحلیل کے بعد عبوری حکومت کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ملاقات کے بعد خالدہ ضیا کی رہائی کا بھی حکم جاری کیا گیا ہے۔
خالدہ ضیا سابق وزیر اعظم اور اپوزیشن جماعت بی این پی کی سربراہ ہیں اور انہیں ملک سے فرار ہو کر بھارت پہنچنے والی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت نے جیل میں ڈالا تھا اور بعد ازاں گھر میں نظر بند کر دیا تھا ۔
خالدہ ضیا کی طرف سے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق منگل کی صبح بنگلا دیش میں کرفیو بھی اٹھادیا جائے گا اور تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بھی کھل جائیں گے۔
دوسری جانب بنگلہ دیش میں پیر کو بھی پرتشدد جھڑپیں ہوئیں جن کے نتیجے میں 53 افراد مارے گئے جبکہ 200 سے زائد افراد زخمی ہوئے ۔
ملک میں چند مقامات پر صورتحال معمول پر نہیں آئی جبکہ ڈھاکا اور دیگر شہروں میں لوٹ مار کے واقعات بھی ہوئے۔