ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ پانچ اگست 2019 کو بھارت نے غیر قانونی اقدام کر کے کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کی جو عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔
نمائندہ خصوصی سماء سے گفتگو میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری مل کر بھارت پر زور دے کہ وہ اس طرح کے اقدامات سے باز رہے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے۔
ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ دنیا میں ایک بھی ایسا ملک نہیں جو بھارت کے ان اقدامات کو سپورٹ کرتا ہو۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ کشمیریوں کی آواز کو آگے پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے۔ جب تک کشمیریوں کو ان کا حق نہیں مل جاتا ۔ پاکستانی عوام اور حکومت ان کی حمایت جاری رکھے گی۔
دوسری جانب کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کو 5 برس مکمل ہوگئے۔ یوم استحصال کشمیر پر اسلام آباد میں دفتر خارجہ سے ڈی چوک تک ریلی نکالی گئی۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی شرکت کیں۔
ائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کی خام خیالی ہے کہ وہ آئینی ترمیم سے مسئلہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹا لے گا۔ وزیر امور کشمیر امیر مقام نے اقوام متحدہ سے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے کا مطالبہ کر دیا۔ صدراستحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر تنویر الیاس کی قیادت میں بھی ریلی نکالی گئی۔