وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آج کے دن میں کشمیری عوام کے بے مثال حوصلے ، جرآت اور بہادری کو سلام پیش کرتا ہوں۔
یوم استحصال کشمیر کے موقع پر جاری اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج کا دن پاکستانی قوم اور حکومتِ کو یومِ استحصال کے تاریک دن کی یاد دلاتا ہے، 5 اگست 2019ء کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں نئے اور مزموم اقدامات کا گھناؤنا سلسلہ شروع کیا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت دنیا کو دھوکا دینے کی کوشش کر رہا ہے کہ جموں اور کشمیر اس کا اٹوٹ انگ ہے لیکن زمینی صورتحال بھارت کے بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی دعوؤں کا پردہ فاش کرتے ہیں، حقیقی کشمیری قیادت کو خاموش کرنے اور میڈیا کی آواز دبانے کیلئے ہر گھناؤنا ہتھکنڈا اپنایا جا رہا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارتی زیرِتسلط کشمیر میں سیاسی قیدیوں کی تعداد ہزاروں میں ہے، 14 کشمیری سیاسی تنظیموں کو کالعدم قرار دے دیا گیا ہے، بھارتی فوج مختلف ظالمانہ قوانین کی آڑمیں نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے، آج کے دن میں کشمیری عوام کے بے مثال حوصلے ، جرآت اور بہادری کو سلام پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو ہر حال میں تنازعات سے انکار کے بجائے ان کے حل کی طرف بڑھنا ہوگا۔
انکا مزید کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری بھارت کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے روکے، پاکستان کشمیری عوام کی بھرپور اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔