پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے اپنی پارٹی رکنیت کی منسوخی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا سپاہی تھا، ہوں اور رہوں گا۔
سناجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ واضح کردوں کہ میں بانی پی ٹی آئی کا سپاہی تھا، ہوں اور رہوں گا، اپنی حیثیت میں لیڈر کی رہائی کیلئے جو کوشش کرسکا ضرور کروں گا۔
شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ پارٹی کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں، افسوس رہے گا کہ مجھے باضابطہ طور پر سنے بغیر یکطرفہ فیصلہ صادر کیا گیا۔ اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ کے حوالے سے شیر افضل مروت نے کہا کہ اسمبلی کی نشست پر حلقے اور قبیلے کے لوگوں کو اعتماد میں لوں گا۔
انہوں نے کہا کہ قائد کے کانوں میں میرےخلاف زہر گھولا گیا اور غلط فہمیاں پیدا کی گئیں، کوشش کروں گا کہ لیڈر سے مل کر اپنا مؤقف ان کے سامنے پیش کروں، بانی پی ٹی آئی کو مطمئن کرنے کی کوشش کروں گا۔
شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی مطمئن نہ ہوئے تو ان کی دی ہوئی قومی اسمبلی کی نشست امانت ہے اسی وقت واپس لوٹا دوں گا۔
بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے متعلق انہوں نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ میرا لیڈر جلد رہا ہوگا، کسی پارٹی لیڈر یا کارکن کی میرے کسی فعل سے دل آزاری ہوئی تو معذرت خواہ ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ میرےخلاف بیان بازی سے گریز کیا جائے گا تاکہ باہمی احترام کے اصول پامال نہ ہوں، میرے کوئی سیاسی عزائم نہیں، فیصلے کا میرے مستقبل پر مثبت یا منفی اثر نہیں پڑے گا، اللہ پاکستان کا اور بانی پی ٹی آئی کا حامی و ناصر ہو، آمین۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جماعت کے سرگرم رہنما شیر افضل مروت کی رکنیت ختم کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا تھا تاہم کچھ ہی دیر بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے رکنیت منسوخی کا نوٹیفکیشن جعلی قرار دیتے ہوئے واپس کروانے کا اعلان کردیا۔