پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر شیرافضل مروت کو پاکستان تحریک انصاف سے نکال دیا گیا۔ شیر افضل مروت کی بنیادی رکنیت ختم کرنےکی منظوری بانی پی ٹی آئی نے دی۔
ایڈیشنل سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی فردوس شمیم نقوی نے شیل افضل مروت کو برطرفی کا نوٹیفکیشن بھجوادیا، پی ٹی آئی نے شیرافضل مروت سے قومی اسمبلی کی نشست چھوڑنے کا بھی مطالبہ کردیا۔
ایڈیشنل سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی فردوس شمیم نقوی کا کہنا ہے کہ شیرافضل خود کو پارٹی قوانین سے بالاتر سمجھتے ہیں، جس سے پارٹی کی ساکھ اور بیانیے پر بُرا اثرپڑا، کمیٹی اس نتیجے پر پہنچی شیرافضل پارٹی اصولوں کا احترام نہیں کرتے۔ شیرافضل مروت کے بیانات، گفتگو اور ٹوئٹس سے متعلق ایک کمیٹی بنائی گئی تھی، شیرافضل مروت کو نوٹس بھیجا گیا اپنے بیانات پرمحتاط رہیں
فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ شیر افضل نے بطور پی ٹی آئی نامزد امیدوار نشست جیتی تھی، شیرافضل مروت قومی اسمبلی سےاستعفیٰ دیں، شیرافضل مروت کو استعفیٰ دیکر دوبارہ الیکشن لڑنا چاہیے۔
دوسری جانب چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر شیر افضل مروت کی پارٹی رکنیت برطرفی سے لاعلم نکلے، بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میں نے ابھی نوٹیفکیشن دیکھا ہے لگتا ہے یہ جعلی ہے، یا پھر میں ایسے کسی فیصلے سے آگاہ نہیں ہوں، میں بطور چئیرمین ایسے کسی اقدام کی منظوری نہیں دوں گا، اگر کسی نے ذاتی حیثیت میں ایسا فیصلہ کیا تو بھی منظور نہیں۔