پاکستان کی جانب سے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) کو قرض پر 5.4 فیصد تک سود ادا کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
حکام اقصادی امور ڈویژن کے مطابق آئی ایم ایف کے دستیاب کوٹہ سے زیادہ قرض لینے پر 2 فیصد اضافی سود دینا پڑتا ہے جبکہ پاکستان کے ذمہ اب بھی آئی ایم ایف کا 6 ارب 36 کروڑ ڈالر سے زائد قرض واجب الادا ہے۔
دستاویز کے مطابق پاکستان نے 1958 سے اب تک آئی ایم ایف کے ساتھ 24 قرض پروگرام معاہدے کئے ہیں اور 7 ارب ڈالر کا نیا قرض 25 واں قرض پروگرام ہوگا۔
آئی ایم ایف نے اب تک مجموعی طور پر 29 ارب 67 کروڑ ڈالر قرض منظور کیا ہے اور پاکستان کو مجموعی طور پر 21 ارب 78 کروڑ ڈالر سے زائد فنڈز ملے ہیں۔
دستاویز کے مطابق ان میں سے متعدد قرض پروگرام بغیر تکمیل ہی قبل از وقت ختم کر دیئے گئے۔
پاکستان نے آئی ایم ایف سے 2010 کے سیلاب اور کورونا کے دوران بھی فنڈز لئے جبکہ گزشتہ 4 سال میں آئی ایم ایف سے 6 ارب 26 کروڑ ڈالر سے زائد قرض لیا گیا۔
اس دوران پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کو 1 ارب 10 کروڑ ڈالر سے زائد سود ادا کیا گیا۔