وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چینی وفود کے دورے سے سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔
جمعرات کو وزیر اعظم شہباز شریف سے چین کے 12 رکنی اعلیٰ سطح وفد نے ملاقات کی جس کے دوران انہوں نے چینی قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے دورہ پاکستان پر آنے والے وفد کا خیرمقدم کیا۔
وفد سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آپ کا خیر مقدم کر کے خوشی ہو رہی ہے ، چین اور پاکستان دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چینی قیادت سے ملاقاتوں کے نتیجے میں وفود پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں ، یقین ہے یہ دورہ انتہائی مفید ثابت ہوگا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چینی وفود کے دورے سے سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا ، دونوں ممالک کے درمیان صنعتی تعاون وقت کا تقاضہ ہے۔
وزیر اعظم نے وفد کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی استعداد کے حوالے سے آگاہ بھی کیا ۔
اس موقع پر مہمان چینی وفد کے سربراہ وانگ فوکانگ نے مثالی مہمان نوازی پر پاکستان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا باہمی تکنیکی تعاون سے پاک چین اسٹریٹیجک تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
چینی وفد مختلف وزارتوں ، ماہرین سے ملاقاتیں اور مختلف اہم مقامات کا دورہ بھی کرے گا ۔