ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج کو افغانستان کے اندر سے مدد ملتی اور وہیں ان کی تربیت ہوتی ہے۔ افغان عبوری انتظامیہ دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائی کرے۔
ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان پورے خطے کیلئے خطرہ بن جائے گی۔ کہا ٹی ٹی پی کو افغانستان کے اندر سے سپورٹ ملتی ، نئے دہشت گردوں کو وہیں تربیت دی جاتی ہے۔ سلامتی کونسل کی رپورٹ سے پاکستانی مؤقف کی تصدیق ہو گئی ۔ طویل عرصے سے ہم اس کی نشاندہی کر رہے تھے ۔ افغانستان پر زور دیتے ہیں کہ دہشتگرد گروپوں کیخلاف کارروائی کرے۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ ایران میں اسماعیل ہنیہ کا قتل، غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی اور اسرائیل کا لبنان پر حملہ خطرناک عمل ہیں ۔ اسماعیل ہنیہ کا قتل پہلےسےغیرمستحکم خطے میں کشیدگی بڑھانے کا باعث بنے گا اور اس سے امن کی کوششوں کو نقصان پہنچے گا ۔ اسماعیل ہنیہ کے قاتلوں کو کٹہرے میں لانا چاہئے۔
ترجمان کا کہنا تھا 5 اگست کو جموں و کشمیر کی تاریخ کے ایک سیاہ دن کی برسی ہے ۔ پاکستان مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک کشمیریوں کی امداد جاری رکھے گا ۔ ہم بھارت پر زور دیتے ہیں کہ وہ 5 اگست 2019 کو کئے گئے غیر قانونی اور یک طرفہ اقدامات کو واپس لے ۔ بھارت کو جموں و کشمیر تنازع کے پرامن حل کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے چاہییں۔
خیبرپختونخوامیں اقوام متحدہ کی گاڑی پر حملے کےمتعلق سوال پر ترجمان نےجواب دیاغیرملکی سیاح ، کاروباری شخصیات اور سفارتکار مہمان ہیں ،ان کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔