سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و تجارت کا وفاقی وزیر صنعت اور سیکرٹری کی اجلاس میں عدم موجودگی میں نوٹس لے لیا پارلیمانی کمیٹی کو اہمیت نہ دینے پر اظہار برہمی بھی کیا۔
رپورٹس کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی صنعت و پیداوار کا اجلاس خالدہ طیب کی زیر صدارت ہوا۔ کمیٹی نے وزیر صنعت و پیداوار اور سیکرٹری صنعت کی اجلاس میں عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کیا۔
چیئرپرسن کمیٹی نے استفسار کیا کہ سیکرٹری صنعت و پیداوار اجلاس میں کیوں نہیں آئے؟ جس پر ایڈیشنل سیکرٹری نے بتایا کہ وفاقی سیکرٹری ایک پریزنٹیشن کی تیاری کررہے ہیں۔ سینیٹر فدا محمد نے کہا اس اجلاس کے لئے تیاری کر رہے ہیں لیکن یہاں آنا گوارہ نہیں کر رہے۔
ذیشان خانزادہ بولے وزیر صاحب بار بار بلانے کے باوجود ایک دفعہ بھی نہیں آئے۔ ہم عوامی نمائندے ہیں اور عوامی مسائل پر یہاں بات ہوتی ہے۔ پورے مہینے میں ایک گھنٹہ بھی وہ کمیٹی کے لئے نکال نہیں سکتے؟ ہم سے بھی عوام پوچھتے ہیں کہ آپ سینیٹ میں کیا کرتے ہیں۔