کشمیری قیادت کی طرف سے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر پی ٹی آئی کے متنازعہ سیاسی احتجاج کی مذمت کی گئی ہے۔
ایم ایل اے اور صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین ، سردار عتیق احمد خان سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر اور سربراہ مسلم کانفرنس نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ 5 اگست کو دنیا بھر اور سرحد کے دونوں اطراف کشمیری بھارتی غیر قانونی اقدام کے خلاف یوم احتجاج اور یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں، پی ٹی آئی کی جانب سے مقبوضہ جموں کشمیر میں آرٹیکل 370 معطلی کے دن سیاسی احتجاج کی کال انتہائی قابل مذمت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا وطیرہ رہا ہے کہ قومی یکجہتی کے دنوں پر سیاسی دکان چمکانے کی کوشش کی جاتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے یاسین ملک کو سزا ہونے کے دن بھی اسی طرح ایک سیاسی اجتماع کا انعقاد کیا گیا تھا، پی ٹی آئی ہمیشہ ریاستی مفادات اور ریاست کے ایجنڈے سے ٹکراو کے اقدامات کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں پاکستانی وزیر خارجہ اور وزیر اعظم عمران خان کشمیر کا مقدمہ عالمی سطح پر لڑنے میں ناکام رہے، 5 اگست کو پی ٹی آئی کی جانب سے اس احتجاج کی کال انتہائی تشویشناک اور قومی احتجاج کو متنازعہ اور غیر موثر بنا نے کی سازش ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا احتجاج کا اعلان قومی سلامتی پالیسی سے متصادم ہے۔