مانسہرہ ، ناران جھلکڈ شاہراہ سیلابی ریلے سے متاثر ہوگیا جبکہ کاغان ، مہنڈرے بازار کے قریب پُل بہہ گیا۔ این ایچ اے نے راستہ بحال کرنے کیلئے کارروائیاں شروع کر دیں۔
ترجمان این ایچ اے کے مطابق ناران اور بالاکوٹ دونوں اطراف سے سائٹ پر مطلوبہ مشینری پہنچا دی گئی ہے ، اس وقت سیلابی پانی کی سطح بلند ترین مقام پر ہے، پانی کم ہونے پر ٹریفک کی مکمل بحالی کی طرف اقدامات شروع کئے جائیں گے
مسافروں کو براستہ بابوسر ٹاپ قراقرم ہائی وے کی طرف متبادل راستہ دیا گیا ہے ، سیاح موسمی حالات کے پیش نظر سفر پر نکلنے سے پہلے شاہراہوں کی صورتحال سے آگاہی حاصل کر لیں۔
دوسری جانب وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ملک بھر میں مون سون کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کا تخمینہ بھی لگایا جائے۔ تمام صوبائی اور آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹیز سے روابط بہتر کیے جائیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی کے اقدامات تیز کیے جائیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں علاج معالجے کی تمام ترسہولیات کے ساتھ ساتھ ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائیں۔ وزیراعظم نے بارشوں اورسیلابی صورتحال کےنتیجےمیں اموات پر گہرے دکھ کا بھی اظہار کیا۔