امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ دھرنے کی حمایت کرنے پر بانی پی ٹی آئی کے شکر گزار ہیں مگر جماعت اسلامی کسی سیاسی اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی۔
دھرنے کے دوران میڈیا سے گفتگو میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان والے خود کنفیوز اور اپنے سابقہ مؤقف سے دستبردار ہوگئے ہیں، اپوزیشن اتحاد فارم 47 والے مؤقف سے دستبردار ہوگیا، اپوزیشن اتحاد تو اب خود دوبارہ الیکشن کی باتیں کررہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہم پر سختی کی گئی تو ہم مزید جوش میں آئیں گے۔ ملک بھر میں دھرنے دینے سے بھی ہماری تعداد کم نہیں ہوگی، ہمارا واسطہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی سے ہے۔ حکومت چاہتی ہے تو اپنی ٹیکنیکل کمیٹی بنا لے۔ جب کوئی قانونی مسئلہ ہوگا تو ہم بتائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صنعت کاروں نے بھی آئی پی پیز کے مسئلے پر بات کی ہے۔ بجلی کےبلوں کا مسئلہ بہت بڑھ گیا ہے۔ہم حکومت پر فوکس کررہے ہیں۔ بہت سی چوری تو حکومت خود کرواتی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے کارکن ملک بھر سے آئے ہوئے ہیں۔ حالات سے ایسا لگ رہا ہے کہ دھران ابھی لمبا چلے گا۔