اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کا کہنا ہے کہ کفر کے فتوؤں اور واجب القتل قرار دینے کی روش اسلامی اصولوں سے ہم آہنگ نہیں۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کا کہنا تھا کہ کسی فرد کو واجب القتل قراردینا غیرشرعی اور غیر قانونی ہے، اس طرح کے جذباتی اقدامات سے عقیدہ ختم نبوت کے کاز کو نقصان پہنچا ہے۔
چیئرمین نظریاتی کونسل کا کہنا تھا کہ شرعا اور نہ ہی قانونا اجازت ہے کہ کسی کے قتل کا فتویٰ اور حکم جاری کرے۔
ڈاکٹر راغب نعیمی کا کہنا تھا کہ اشتعال انگیزی ، تکفیر کے فتویٰ اور قتل کی دھمکی دینا قرآن وسنت سے متصادم ہے، عالم دین کا منصبی فریضہ ہے کہ صحیح اور غلط نظریات کا درست شرعی حل بتائے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی کے بارے میں فیصلہ صادر کرنا ریاست و حکومت اور عدالت کا دائرہ اختیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلہ سے اختلاف پر علمی گفتگو کی جا سکتی ہے، اسلامی نظریاتی کونسل اس حوالے سے اپنی اختلافی رائے ظاہر کر چکی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس معاملے میں نہایت احتیاط کے ساتھ کام لینے کی ضرورت ہے۔