غذر میں اسکول ٹیچر کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے جانیوالی ٹیم پر حملے میں ایڈیشنل ایس ایچ او شہید ہوگئے۔ وزیراعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔
حکام کے مطابق پولیس کی ایک پارٹی غذر میں اسکول ٹیچر کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے بھتریت کے علاقے میں سرچ آپریشن کررہی تھی کہ اس دوران ایک مشکوک گھر پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے نامعلوم افراد نے پولیس پر فائرنگ کردی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی زد میں آکر ایڈیشنل ایس ایچ او شہید ہوگئے، واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے بھتریت پولیس پارٹی پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ داخلہ اور آئی جی گلگت بلتستان سے رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ حاجی گلبر خان نے فائرنگ کے واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ شرپسند قانون کی گرفت سے نہیں بچیں گے۔
وزیراعلی گلگت بلتستان گلبر خان نے شہید ایس ایچ او کے درجات کی بلندی کیلئے دعا اور لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کیا۔