وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ کے پی اور بلوچستان میں دہشت گردی میں ہمسایہ ممالک کا کردار ہے، پاکستان کومہمان نوازی کا صلہ دہشتگردی کی صورت میں ملا۔
وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی بڑھ رہی ہے۔ اس میں ہمسایہ ممالک کا کردارہے۔ انہوں ن مہمان نوازی کا صلہ دہشتگردی کی صورت میں دیا۔ کالعدم ٹی ٹی پی وہاں سے بیٹھ کرمعصوم شہریوں کو نشانہ بنارہی ہے۔ یہ ناقابل قبول ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ 9 مئی کوغدرمچانے والے نئے ہتھکنڈوں سے وارداتیں کررہے ہیں۔ مخصوص ٹولے نے نومئی کو بھی ملک کی جڑیں ہلانے کی کوشش کی۔ اداروں پر حملے کیے۔ وہی جتھے آج بھی فوج کے خلاف باتیں کررہے ہیں۔ پی ٹی آئی کی ویب سائٹ سے آرمی چیف اور خاندان کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ پوری یکجہتی کے ساتھ ہمیں اس کے خلاف دیواربننا ہوگا۔۔ ملکی مفادات کے تحفظ کیلئے کسی قدم سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ فلسطین میں انسانی سوز مظالم ڈھائے جارہے ہیں، 40 ہزار فلسطینی مسلمان شہید ہوچکے، شہید ہونے والوں میں ہزاروں بچے بھی شامل ہیں، فلسطین میں ڈھائے جانے والےمظالم کی مثال نہیں ملتی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ عالمی عدالت نے بھی فلسطین میں مظالم کو بدترین قرار دیا، اسرائیلی حکومت پر سلامتی کونسل کی قراردادوں کا اثر نہیں ہورہا، ایس سی او کانفرنس میں معاملے کو بھرپور انداز میں اٹھایا، عالمی اداروں نے اسرائیلی بربریت کے خلاف قراردادیں منظور کیں۔