خیبر پختونخوا حکومت نے کاشتکاروں کے مطالبے پر بجٹ میں تمباکو کے ترقیاتی ٹیکس میں اضافے کو 100 فیصد کم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اس بارے میں صوبائی فنانس ترمیمی بل اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
خیبر پختونخوا فنانس ترمیمی بل کے ذریعے تمباکو ڈویلپمنٹ سیس میں سو فیصد کمی لائی جا رہی ہے ۔ رواں مالی سال کے بجٹ میں ورجینا تمباکو کا ڈویلمپنٹ سیس 50 روپے فی کلو اور دیگر اقسام کے تمباکو پر 30 روپے کلو ٹیکس عائد کیا گیا تھا جسے اب کم کرکے بالترتیب 25 اور 15 روپے فی کلو کیا جارہا ہے جبکہ نسوار کے تمباکو پر بدستور ساڑھے سات روپے ٹیکس نافذ رہے گا۔
اس حوالے سے فنانس ترمیمی بل آج اسمبلی میں پیش ہوگا ۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا صوبائی محتسب ترمیمی بل پیش ہوگا، صوبائی اسمبلی ایملائز بل 2024 بھی ایوان میں لایا جائے گا ۔ ممران اسمبلی آج کے سیشن میں محکمہ بلدیات ،آبنوشی، زراعت ولائیو سٹاک اور محکمہ مواصلات وتعمیرات کے حوالے سے سوالات بھی پیش کریں گے ۔