ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم پر دہشت گرد حملے کے خدشے کی اطلاعات پر دفتر خارجہ نے بھارت سے قومی کرکٹ ٹیم کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا کرنے والا بھارت خود پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث ہے، بھارت سے پاکستانی شائقین کو ویزے جاری نہ کرنے کا معاملہ بھی سفارتی سطح پر اُٹھا دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ پاک افغان تجارت کی بندش کی افواہیں بے بنیاد ہیں، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ بند نہیں کی گئی بلکہ اس کی آڑ میں غیرقانونی اقدامات روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کردیا کہ افغان یا کسی مخصوص شہریت کے خلاف نہیں بلکہ تمام غیرقانونی مقیم افراد کیخلاف کارروائی کی جارہی ہے۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا کرنیوالا بھارت خود پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث ہے، کرکٹ ورلڈکپ کا میزبان بھارت پاکستان دشمنی میں میزبانی کے آداب بھی بھول گیا، پاکستان نے شائقین کو ویزے جاری نہ کرنے کا معاملہ سفارتی سطح پر اُٹھادیا، انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستانی شائقین کی عالمی کپ دیکھنے کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ورلڈ کپ کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم پر حملے کے خدشات پر بھارت سے قومی کرکٹ ٹیم کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا۔