وزیراعظم شہبازشریف نے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل منصور اعوان کو ہدایت کی ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی کے معاملے پر حکومتی اتحادیوں کو قانونی حکمت عملی میں شامل کیا جائے۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل منصور اعوان نے ملاقات کی۔ مخصوص نشستوں کی پی ٹی آئی کو الاٹمنٹ اور سپریم کورٹ میں نظرثانی اپیل پر مشاورت کی گئی۔
قانونی ٹیم نے پی ٹی آئی پر پابندی اور دیگر فیصلوں سے متعلق قانونی نکات پر وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پیپلز پارٹی سمیت تمام حکومتی اتحادیوں کو قانونی حکمت عملی میں شامل کیا جائے۔
دوسری جانب دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ میں نظرثانی اپیل،پی ٹی آئی پر پابندی اور آرٹیکل 6 کے فیصلوں پر غور ہوگا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا حکومت نے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے اور عمران خان، عارف علوی اور قاسم سوری پر آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔