پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نظریاتی نے آئی پی پیز معاہدوں کیخلاف سپریم کورٹ میں رٹ دائر کردی۔
پی ٹی آئی( نظریاتی ) نے آئی پی پیز معاہدوں کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے اور اس حوالے سے پارٹی چیئرمین اختر اقبال ڈار کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز معاہدے اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نظریاتی کا کہنا تھا کہ کیپسٹی چارجز کے نام پر ماہانہ 10ارب غریب عوام کیساتھ ظلم ہے، ہرصارف سے 25 سے 30 روپے فی یونٹ کیپسٹی چارجز کی مد میں وصول کیے جا رہے ہیں۔
اختر اقبال ڈار نے بتایا کہ آئی پی پیزمعاہدوں کو فوری طور پر ختم کرنے کیلئے سپریم کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کردی ہے، استدعا ہے کہ چیف جسٹس ہماری رٹ کو فوری سماعت کیلئے مقرر کریں اور کیپسٹی چارجز روکنے کیلئے حکم امتناعی جاری کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز معاہدے انتہائی بدبودار ہیں، ان معاہدوں نے پاکستانیوں کو کنگال کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 52 فیصد آئی پی پیز میں حکمران طبقہ شیئر ہولڈرز ہیں ، اگر شریف برادران اور زرداری آئی پی پیز میں شیئر ہولڈر نہیں تو وہ سامنے آکر اپنے آپ کو کلیئر کریں اور آئی پی پیز کے معاہدوں کی منسوخی کا اعلان کریں۔