خیبر پختونخوا کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مزید اضافے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
بجٹ میں گریڈ 16 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ 10 فیصد کیا گیا تھا جنہیں بڑھا کر 25 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ گریڈ 17 سے اوپر تک کے ملازمین کی تنخواہ میں 20 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔
خیبر پختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے ایک سے 16 گریڈ کے ملازمین کے لیے 25 فیصد اور گریڈ 17 سے اوپر کے لیے 20 فیصد جبکہ پنشن 15 فیصد بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔
مشیر خزانہ کے مطابق اب وفاق کی طرز پر خیبر پختونخوا کابینہ نے بھی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تنخواہوں میں مزید اضافے کا اعلامیہ جلد جاری کیا جائے گا۔تنخواہوں میں اضافے سے صوبے کے خزانے پر 75 سے80 ارب روپے کا مزید بوجھ پڑے گا۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے بجٹ میں تمام سرکاری ملازمین کے لیے تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کا اعلان کیا تھا۔