نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر کو ہم وطن طلباء کا تحفظ اور فلاح و بہبود کا خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں پرتشدد مظاہرے جاری ہیں اور اس حوالے سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستانی ہائی کمشنر سید معروف سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے ہم وطن طلباء کا تحفظ اور فلاح و بہبود کا خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
ٹیلی فونک رابطے کے دوران پاکستانی ہائی کمشنر سید معروف نے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو ڈھاکہ میں سکیورٹی صورتحال اور ہائی کمیشن کے اقدامات سے آگاہ کیا اور بتایا پاکستانی ہائی کمیشن نے پاکستانیوں کی سہولت کیلئےایک ہیلپ لائن قائم کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستانی ہائی کمیشن نے ہم وطن طلبا کو ڈھاکہ میں جاری احتجاجی مظاہروں سے دور رہنے ، اپنی حفاظت یقینی بنانے اور کیمپسز میں کمروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
ہائی کمشنر کی سماء سے گفتگو
اس سے قبل پاکستانی ہائی کمشنر احمد معروف نے سماء سے خصوصی گفتگو کی اور بتایا کہ بنگلادیش میں طلبہ کا احتجاج پر تشدد ہوگیا ہے اور جھڑپوں کے دوران کوئی پاکستانی طالبعلم زخمی یا جاں بحق نہیں ہوا۔
پاکستانی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ ڈھاکا یونیورسٹی میں تقریبا 130 کے قریب طلبہ زیر تعلیم ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حالات پہلے سے قدرے بہتر ہیں ، سکیورٹی کے سخت انتطامات کیے ہیں، پاکستانی سفارتخانے کا عملہ اور انکے اہلخانہ مکمل طور پر محفوظ ہیں۔