خاتم النبیین رسول اکرم ﷺ کے نواسے حضرت امام حسینؓ سمیت دیگر شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یومِ عاشور کے موقع پر لاہور سمیت ملک بھر میں شبیہ علم ، تابوت اور ذوالجناح کے جلوس نکالے گئے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پزیر ہوگئے۔
یوم عاشور پر ملک بھر میں جلوس اور مجالس کا اہتمام کیا گیا جن میں لاکھوں عزادار شریک ہوئے جبکہ عزاداروں کیلئے جگہ جگہ سبیلوں کا انتظام کیا گیا اور نذرو نیاز بھی تقسیم کی گئی۔
لاہور
لاہور میں نثار حویلی سے برآمد ہونے والا یوم عاشور کا مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوا۔
جلوس کی سیکیورٹی کے لیے 10 ہزار سےزائد پولیس اہلکار تعینات تھے۔
مریم اورنگزیب کا کربلا گامے شاہ کا دورہ
مریم اورنگزیب نے لاہور کے مرکزی عزاداری جلوس اور اختتامی پوائنٹ پرسکیورٹی کا جائزہ لیا جبکہ اس موقع پر صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق ، بلال یاسین ، مجتبیٰ شجاع الرحمن اور سیکرٹری داخلہ نورالامین مینگل بھی ہمراہ تھے۔
سیکرٹری داخلہ نورالامین مینگل نے لاہورسمیت پنجاب بھرمیں مرکزی جلوسوں کی صورتحال بارے بریفنگ دی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پوری کابینہ امن و امان کے قیام کیلئے فیلڈ میں ایکٹو ہے، مریم نواز کے حکم پر صوبہ بھر میں خصوصی نیاز، لنگر اور سبیلوں کا اہتمام کیا گیا جو چہلم تک جاری رہے گا ۔
روہڑی
روہڑی کا ساڑھے چار سو سالہ قدیمی ماتمی جلوس میدان کربلا سے برآمد ہوا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا شہداء قبرستان میں اختتام پذیر ہوا۔
حیدرآباد
حیدرآباد میں مرکزی جلوس قدم گاہ مولا علی سے کربلا دادن شاہ تک نکالا گیا جبکہ سندھ کے دیگر شہروں میں بھی ماتمی جلوس نکالے گئے اور مجالس کا اہتمام کیا گیا۔
ملتان
یوم عاشور پر ملتان میں 116 ماتمی جلوس برآمد ہوئے جو حرم گیٹ پر اختتام پذیر ہوئے۔
فیصل آباد ، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ سمیت پنجاب کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی شہدائے کربلا کو پرسہ دیا گیا۔
خیبرپختونخوا
خیبرپختونخوا میں بھی پاراچنار ، کوہاٹ ، مردان ، ہنگو ، ڈی آئَی خان ، مانسہرہ اور دیگر مقامات پر جلوس نکالے گئے۔
بلوچستان کی فضا بھی یاحسین کی صداوں سے گونجتی رہی اور خضدار ، صحبت پور ،حب ، سبی ، جھل مگسی ، جعفر آباد اور نصیرآباد میں ماتمی جلوس نکالے گئے۔
گلگت کا مرکزی جلوس امامیہ جامع مسجد سے برآمد ہوا ۔
شہدائے کربلا کو سلام پیش کرنے کیلئے میرپور آزاد کشمیر اور وادی نیلم میں بھی جلوس نکالے گئے۔