9 محرم الحرام کے موقع پر ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس نکالے گئے جبکہ جلوسوں کی گزرگاہوں پر سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے۔
راولپنڈی و اسلام آباد
جڑواں شہروں میں نویں محرم الحرام کے مرکزی ماتمی جلوس اپنے اپنے روایتی راستوں سے گزرتے ہوئے اختتام پذیر ہوئے
اسلام آباد میں نویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس نے باجماعت نماز مغربین اسکول اسٹاپ میلوڈی چوک میں ادا کی۔
جلوس امام بارگاہ اثناءعشری جی سکس پہنچ کر ختم ہوا ، جلوس کی سکیورٹی کیلئے دو ہزار سے زائد افسران اور اہلکاروں نے ڈیوٹی سرانجام دی ۔
راولپنڈی میں مرکزی جلوس امام بارگاہ فاطمیہ آدم جی روڈ کینٹ سے برآمد ہو کر واپس اسی مقام پر ختم ہوا ۔
جلوس کے روٹ سے ملحقہ راستے خاردار تاریں اور رکاوٹیں کھڑی کر کے سیل کیے گئے تھے۔
ملتان
ملتان میں 9 محرم الحرام کو مرکزی جلوس امام بارگاہ ممتاز آباد سے برآمد ہوا اور شہر بھر میں 166 مجالس عزا منعقد کی گئیں۔
گجرات
گجرات میں بھی شہداء کربلا کی یاد میں ماتمی جلوس برآمد ہوا جبکہ عزاداران نے دودھ کی سبیل لگا کر شہداء کربلا سے عقیدت کا اظہار کیا۔
ڈسکہ
ڈسکہ میں مرکزی جلوس حسینیہ سعادت گردیزی سےبرآمد ہوا اور نارووال میں مرکزی جلوس عیدگاہ روڈ سے برآمد ہو کر آنارکلی بازار پر اختتام پذیر ہوا۔
مظفر آباد
مظفرآباد میں 9 محرم الحرام کا جلوس بیلہ نور شاہ سے برآمد ہوا جو امام بارگاہ پیرعلم شاہ بخاری پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
میانوالی
میانوالی میں 9 ویں محرم الحرام کا جلوس ماڑی انڈس امام بارگاہ حسینیاں سے کشتیوں کا مفرد اور قدیمی جلوس وانڈھا ککڑانوالہ میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا ۔
جھل مگسی میں دس ویں محرم الحرام کا ماتمی جلوس امام بارگاہ نقویہ گنداواہ سے برآمد ہوا۔
مختلف شہروں میں کنٹرول رومز کے ذریعے حکام سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ بھی لیتے رہے۔