اسلام آباد کے حلقہ این اے 48 میں مبینہ دھاندلی کے خلاف علی بخاری کی اپیل پر سماعت چوبیس جولائی تک ملتوی کردی گئی۔ الیکشن ٹریبونل میں جسٹس طارق محمود جہانگیری نے اپیل پر سماعت کی۔
دوران سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کا حکم امتناع عدالت میں پڑھ کر سنایا گیا۔ وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ ٹرائل کا مطلب ہے جب ثبوت عدالت میں پیش کیے جائیں گے۔ استدعا ہے کہ ٹرائل سے پہلے کی تمام کارروائی مکمل کرلی جائے۔
جسٹس طارق جہانگیری نے کہا کہ حکم امتناع میں جا کر ترمیم کرالیں تو ہم روزانہ سماعت کرلیں گے۔ جہاں سے کارروائی رکی ہے وہیں سے ہم شروع کردیں گے۔ آرڈر ہو جاتا ہے تو چھٹیوں سے پہلے جو کارروائی ہو سکتی ہے وہ کر لیں گے۔
واضح رہے کہ 11 جولائی کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے الیکشن ٹریبونل کو قومی اسمبلی کے تینوں حلقوں این اے 46، این اے 47 اور این اے 48 کا باقاعدہ ٹرائل آگے بڑھانے سے روک دیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد کی تینوں نشستوں کے انتخابی نتائج کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں قائم الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کررکھا ہے۔