تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی ) کے کارکنوں کی جانب سے راولپنڈی فیض آباد میں دھرنے کے باعث عوام کو آمدورفت مین شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
دھرنے کے شرکاء نے مطالبات کی منظوری تک وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راول پنڈی کے سنگم فیض آباد کے مقام پر دھرنا دے دیا ہے۔ شہر کی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک جام رہنے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے لیاقت باغ سے فیض آباد تک مارچ کیا گیا اور مارچ کے اختتام پر دھرنے کا اعلان کردیا گیا۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ فلسطین تک طبی و غذائی امداد پہنچائی جائے، اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ نیتن یاہو کو سرکاری سطح پر دہشت گرد قرار دیا جائے۔
دوسری جانب عوامی مشکلات کے پیش نظر مقامی انتظامیہ نے مظاہرین کی تین رکنی ٹیم سے مذاکرات شروع کر دیے ہیں۔