صدر مملکت آصف علی زرداری کو علالت کے باعث اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی طبیعت ناساز ہوگئی، کراچی میں کلفٹن کے نجی اسپتال میں علاج جاری ہے۔ صدرزرداری اسپتال کے چھٹے فلور پر ایگزیکٹو وارڈ میں زیرعلاج ہیں۔
اسپتال ذرائع کے مطابق صدر پاکستان کو رات4 بجے اچانک صحت خراب ہونے پر اسپتال لایا گیا، صدر آصف زرداری کوسخت سیکیورٹی میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال کے باہر سیکیورٹی، ایس آئی یو اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہیں، پیپلز پارٹی کے کئی رہنما بھی نجی اسپتال میں موجود ہیں۔
واضح رہے کہ صدر مملکت گزشتہ روز خصوصی طیارے کےذریعے کراچی پہنچے تھے، آصف علی زرداری عید منانے کےلیے 2روز قبل نواب شاہ پہنچے تھے۔
وزیر اعظم کا رابطہ
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی بیماری کے باعث ان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔
وزیراعظم نے صدر مملکت کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ "اللہ تعالیٰ آپ کو جلد صحت کاملہ عطا فرمائے اور پوری قوم کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔"
اسپیکر قومی اسمبلی کا رابطہ
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے بھی صدر مملکت سے رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔
ایاز صادق نے صدر مملکت کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے جلد صحتیابی کی دعا کی۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو جلد صحت کاملہ عطاء کریں اور پوری قوم کی دعائیں آپکے ساتھ ہیں۔