سابق اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے ایم این اے امیر سلطان کے اغواء کا دعویٰ کردیا۔
مرکزی رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پتہ چلاہے کہ امیرسلطان کو اغوا کرلیا گیاہے، کیا حکومت عدلیہ سے محاذ آرائی کا پیغام دے رہی ہے؟ کیا یہ ملک ایسے چلے گا کہ لوگوں کی وفاداریاں تبدیل کرائی جائیں؟ جنگل کا قانون ہے، عدلیہ کی کوئی عزت و تکریم نہیں رہی۔
اسد قیصر نے کہا کہ عدلیہ کے فیصلوں کے خلاف کھلم کھلا بغاوت کے مترادف ہے، کیا آپ زور زبردستی سے حکومت چلاسکیں گے؟ قانون اور آئین کے اندر رہتے ہوئے اپنی جدوجہد کریں گے، اب مذمت کاوقت ختم ہوگیا، اب مزاحمت کریں گے۔
سابق اسپیکرقومی اسمبلی نے کہا کہ مطالبہ ہے کہ ہمارے ایم این ایز کو آزادانہ فیصلہ کرنے دیاجائے، رکن قومی اسمبلی امیر سلطان کو فوری طور پر رہا کیا جائے، سپریم کورٹ اوراعلیٰ عدلیہ الیکشن ٹریبونل کوجلد فیصلےکرنےکی ہدایت کریں، فارم 45 کےمطابق جو لوگ منتخب ہوئے ہیں انھیں ان کا حق دیا جائے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ فیصلے کے بعد آزاد ارکان اسمبلی نے بیان حلفی جمع کرانا شروع کردئیے ۔ کئی ارکان اسمبلی نے حلف نامہ پر دستخط کردئیے ۔ تحریک انصاف سے تعلق کا اظہار کرتے ہوٸے بیان حلفی پارٹی کو جمع کرادیا ۔ جلد الیکشن کمیشن کے دفتر میں جمع کرائیں گے۔