سابق وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف انتقام لینے نہیں بلکہ ترقی کا سفر جہاں روکا گیا تھا وہیں سے دوبارہ شروع کرنے آرہے ہیں، عوام لیگی قائد کا تاریخی استقبال کریں۔
سابق وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں عوام سے نواز شریف کا تاریخی استقبال کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن لوگوں نے ہم سے زیادتی کی وہ سب یاد ہیں، قوم کسی کو نہیں بھولی سارے کرداروں کو جانتی ہے مگر نواز شریف بدلہ لینے نہیں بلکہ عوام کی خدمت اور قوم کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے آرہے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف پاکستان واپس آکر اپنا مقدمہ اللہ پر چھوڑیں گے، ترقی کا سفر جہاں روکا گیا تھا وہیں سے دوبارہ شروع ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے سیاست کو قربان کرکے ریاست کو بچایا، پاکستان دیوالیہ ہوجاتا تو دوا ملتی نہ کاروبار چلتے، نواز شریف 21 اکتوبر کو عوام کی خدمت کیلئے واپس آرہے ہیں۔
شہباز شریف کا مزید کہنا ہے کہ نواز شریف کو پانامہ سے اقامہ میں سازش کے تحت نکالا گیا، ان کا جرم میٹرو بس، اورنج لائن بنوانا، لوڈشیڈنگ ختم کرنا تھا، نواز شریف اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری لایا،ک یا یہ جرم تھا؟۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ضرب عضب، ردالفساد کے ذریعے دہشتگردوں کا خاتمہ کیا، افواج پاکستان اور عوام نے قربانیاں دیں، پھر امن قائم ہوا، نواز شریف نے کراچی میں امن قائم کیا، دہشتگردوں کو کون واپس لایا، جیلوں سے کس نے رہا کروایا؟، 4 سال کے تباہی کے سفر نے ملک کو برباد کردیا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ 2018ء میں جھرلو، فراڈ الیکشن کے ذریعے نواز شریف کو اقتدار سے محروم کرنے کی سازش ہوئی، نواز شریف واپس آکر قوم کو پروگرام بتائیں گے، قوم کا بیٹا زخموں پر مرہم رکھنے آرہا ہے، اللہ تعالیٰ نے نواز شریف کو موقع دیا تو پاکستان کو عظیم بنائیں گے۔
شہباز شریفنے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے لیپ ٹاپ تقسیم کئے، کہا جاتا تھا رشوت کے طور پر لیپ ٹیپ دیئے جارہے ہیں، نواز شریف تقسیم در تقسیم کو ختم کرنے آرہا ہے۔