وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ منشیات کے بڑھتے رجحان پر قابو پانے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے۔
اتوار کو وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اینٹی نارکوٹکس فورس ( اے این ایف ) کے ہیڈ کوارٹر میں اجلاس ہوا جس کے دوران انہیں فورس کی کارکردگی، افعال کار اور آپریشنز کے بارے بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران محسن نقوی نے کم وسائل کے باوجود ڈرگ مافیا کے خلاف کارروائی پر اے این ایف کو سراہا اور سائبر ڈرگ کنٹرول میکنزم تیار کرنے کی ہدایت کی جبکہ ڈرگ مافیا کے خلاف موثر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے جامع بھی پلان طلب کیا گیا۔
فیصلے کے تحت منشیات خصوصا آئس کی خرید و فروخت روکنے کے لئے بھرپور کارروائی کی جائے گی اور اس ضمن میں صوبوں سے مشاورت کی جائے گی اور اعتماد میں لیا جائے گا۔
اس حوالے سے وفاقی و صوبائی محکموں کا مشترکہ اجلاس رواں ماہ کے آخر میں منعقد ہو گا جس میں صوبوں کے وزراء ایکسائز اور آئی جیز پولیس کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ منشیات خصوصا آئس کی لعنت نے کئی خاندان تباہ کر دئیے ہیں،
منشیات کے بڑھتے رجحان پر قابو پانے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اپنے بچوں کے لیے سب نے اس لعنت کے خلاف جہاد کرنا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج ہم نے اس لعنت کے خاتمے میں اپنا حصہ ڈال دیا تو یہ بہت بڑا کار خیر ہو گا۔