پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) 18 اکتوبر کو سانحہ کار ساز کی یاد میں عام انتخابات کے حوالے سے اپنی انتخابی سرگرمیاں شروع کرے گی۔
یاد رہے کہ 18 اکتوبر 2007 کو ملکی تاریخ کا ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جب سابق وزیر اعظم شہید بے نظیر بھٹو کے قافلے کو کراچی میں شارع فیصل پر کارساز کے قریب دہشت گردی کا نشانا بنایا گیا تھا، دھماکے کی جگہ کی مناسب سے واقعہ کو ’ سانحہ کار ساز ’ کا نام دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پی پی پی 18 اکتوبر کو سانحہ کارساز کی 16 ویں برسی کے موقع پر انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کرے گی اور اس موقع پر پارٹی چیئرمین اور سابق وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ملک گیر ویڈیو لنک خطاب کریں گے۔
ہر سال کی طرح اس سال بھی سانحہ کارساز کی یاد میں 18 اکتوبر کو ملک بھر میں ضلعی سطح پر تقریبات اور اجتماعات منعقد کئے جائیں گے جن میں پی پی کی تمام تنظیموں ، الائیڈ ونگز، ٹکٹ ہولڈرز اور کارکنان کو لازمی شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی چیئرمین اس موقع پر کارکنوں سے اپنے خطاب میں انتخابی حکمت عملی کا بھی اعلان کریں گے۔
پی پی رہنما رانا فاروق سعید کی جانب سے ضلعی سطح پر تشہریری مہم چلانے، اہم مقامات اور چوراہوں پر پارٹی پرچم لگانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ جنرل سیکرٹری اور سابق ممبر پنجاب اسمبلی حسن مرتضیٰ نے بھی سانحہ کارساز کے حوالے سے فلیکس سائن اور بینرز لگانے کی ہدایت کی ہے۔