حکومتی ترجمان برائے قانونی امور بیرسٹر عقیل ملک نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے اراکین کو سیاسی خانہ بدوش قرار دے دیا ۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران عقیل ملک کا کہنا تھا کہ سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں کی فہرست دی نا ہی عام انتخابات میں کوئی نشست جیتی ، یہ بات کلیئر ہے کہ سنی اتحاد کونسل والے آزاد ارکان ہیں ۔
بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ سیاسی خانہ بدوشوں کا دعویٰ تھا کہ وہ پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں، اپنی پارٹی ہوتے ہوئے یہ سنی اتحاد کونسل میں چلے گئے ، ترجیجی فہرستیں نہ دینے والے کس منہ سے مخصوص نشستیں مانگ رہے ہیں؟۔
ان کا کہنا تھا کہ قانونی طور پر مخصوص نشستیں خالی بھی نہیں رکھی جا سکتیں، ایسا نہیں ہو سکتا کہ قانون کو ان کی مرضی کے مطابق تبدیل کردیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات کلیئر ہے کہ سنی اتحاد کونسل والے آزاد ارکان ہیں اور انہیں تسلیم کرنا چاہیے کہ ان سے قانونی اور سیاسی غلطی ہوئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ مخصوص نشستیں آپ کی گود میں ڈال دی جائیں۔