قومی اسمبلی میں الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024ء کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔
جمعہ کو اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024ء کو منظور کر لیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کا بل پیش کیا جس کی اپوزیشن کی جانب سے شدید مخالفت کی گئی، تاہم حکومت کثرت رائے سے بل منظور کرانے میں کامیاب ہوگئی۔
الیکشن ایکٹ کے تحت انتخابی عذرداریوں پر الیکشن ٹریبونل تعیناتی کا اختیار الیکشن کمیشن کو دیدیا گیا ہے۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے الیکشن ایکٹ میں ترمیم تجویز کی ہے، الیکشن ٹریبونل میں صرف ریٹائرڈ ججز تعینات ہوں گے، گزشتہ قانون کے تحت حاضر سروس جج ٹریبونل میں ہوتے تھے۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ حاضر سروس ججز کے پاس وقت کم ہوتا ہے، ان کی مصروفیات زیادہ ہوتی ہیں ، عدالتوں میں کیسز زیادہ ہوتے ہیں۔