پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے شبلی فراز سے پارٹی آفس اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف دونوں عہدوں سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔
جمعرات کو پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اور ان کے استعفے پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے ان کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ میں عمرایوب کی طرف سے سیکرٹری جنرل کا عہدہ چھوڑنے کے دانشمندانہ فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہوں، پارٹی کے اہم عہدوں پر فائز چند دیگر افراد کو بھی ان کی پیروی کرنی چاہیے۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ پارٹی ایک بھی کام پورا کرنے میں ناکام رہی، بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں اور مینڈیٹ کی بازیابی ابھی دور ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین اور رہنما جیلوں میں بند ہیں اور ہم عوام کو ایک عظیم تحریک کے لیے متحرک کرنے میں ناکام رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلے کے نشان، مخصوص نشستوں، ضمنی انتخابات اور پارٹی کی تنظیم نو کا نقصان ایسی چند مثالیں ہیں جہاں پارٹی قیادت بری طرح ناکام رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں شبلی فراز سے پارٹی آفس اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف دونوں عہدوں سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتا ہوں۔