انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے افغانستان کے کپتان راشد خان کی بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ کے دوران اپنا بیٹ زمین پر پھینکنے پر سرزنش کرتے ہوئے ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا۔
آئی سی سی کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپرایٹ مرحلے میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گئے اہم میچ کے بعد آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر سیمی فائنل سے قبل راشد خان کی سرزنش ہوئی۔
راشد خان نے میچ کی پہلی اننگز کے آخری اوور کے دوران ساتھی کھلاڑی پر غصہ کیا جس کے نتیجے میں انہیں سزا ملی۔
آف سائیڈ پر شاٹ کھیلنے کے بعد راشد نے دوسرا رن لینے کی کوشش کی تاہم، ان کے ساتھی تیار نہیں تھے جس پر افغان کپتان نے مایوسی کے عالم میں اپنا بیٹ زمین پر پھینکا۔
View this post on Instagram
راشد خان کے اقدام کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول 1 کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ، انہوں نے آرٹیکل 2.9 کی خلاف ورزی کی، جو کہ بین الاقوامی میچ کے دوران نامناسب یا خطرناک انداز میں کسی کھلاڑی پر یا اس کے قریب گیند یا کرکٹ کا کوئی دوسرا سامان پھینکنے سے متعلق ہے۔
راشد نے جرم کا اعتراف کیا اور میچ ریفری رچی رچرڈسن کی تجویز کردہ سزا کو قبول کر لیا۔
افغانستان نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر تاریخ میں پہلی بار ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔
یاد رہے کہ جمعرات کو صبح 5.30 بجے برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں پہلے سیمی فائنل میں افغانستان کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا۔