آسٹریلیا کےٹیسٹ ٹیم کے اوپننگ بلےباز عثمان خواجہ نےکہا ہےکہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں بہت زیادہ ٹیلنٹ ہے لیکن بورڈ اور ٹیم میں مسلسل تبدیلیاں ہورہی ہیں، اس عدم استحکام کی وجہ سے انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹرعثمان خواجہ کی میلبرن میں ایک تقریب کےموقع پرگفتگو میں کہاکہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں کبھی استحکام نہیں دیکھتا،سلیکشن کمیٹی تبدیل ہوتی رہتی ہے،اسٹاف تبدیل ہوتا ہے اور پلئیرز بہت تبدیل ہوتےہیں، میں جب باہر سے دیکھتا ہوں تو پاکستان کرکٹ میں ہرچیز تبدیل ہوتی رہتی ہے۔
عثمان خواجہ نےمزیدکہا کہ جب استحکام نہیں ہوتا تو پلئیرز کے لیے پرفارم کرنا مشکل ہوتا ہے،پاکستان میں تھوڑی توقعات زیادہ ہوتی ہیں،کھیل ٹف ہوتا ہے، جیتنا ایک ٹیم نےہوتا ہے،اگر آپ ورلڈ کپ نہیں جیتتے اور دوسرے نمبر پر آتے ہیں، تو ایسے ہی ہے جیسے سپر ایٹ مرحلہ کھیلا ہو۔
انہوں نے کہا کہ کپتانی کرنا بابراعظم کا فیصلہ ہے،اگر وہ کرسکتے ہیں تو انہیں کرنی چاہیے۔
یاد رہےکہ ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں قومی ٹیم کو ناتجربہ کار امریکا کے ہاتھوں سپر اوورمیں شکست ہوئی تھی اور پھر بھارت کےخلاف 120 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں قومی بیٹنگ لائن لڑکھڑاگئی تھی۔