محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور شہر کے درجہ حرارت میں 2سے 3 ڈگری اضافے کے بعد37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں بارش کا فی الوقت کوئی امکان نہیں۔
ترجمان کے مطابق لاہور میں دن کے اوقات میں گرمی جبکہ رات میں موسم قدرے بہتر ہو گا، اکتوبر کے وسط سے موسم میں تبدیلی آنے کا امکان ہے۔ خشک موسم میں مٹی کے ذرات اور زہریلے کیمیکلز ہوا میں پھیلنے کا خدشہ ہوتا ہے جو سموگ کا موجب بنتے ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد راولپنڈی میں صبح سویرے تیز بارش اور ژالہ باری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ موسلا دھار کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔
یاد رہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم خشک رہے گا، ملک کے میدانی علاقوں میں گرم اور مرطوب رہے گا، اسلام آباد میں دن کے اوقات میں موسم خشک اور گرم رہے گا۔
اعلامیے کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، دیر، سوات اور کوہستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ پنجاب کے اکثر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، بلوچستان، سندھ کے بیشتر مقامات پر آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق میر پور خاص، چھور، اسلام کوٹ اور مٹھی میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، گلگت بلتستان میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ بعد از دوپہر چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔