وزیر اعظم شہباز شریف نے مختلف سیاسی رہنماؤں سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے اور انہیں عید کی مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) بلاول بھٹو زرداری کو فون کیا اور عید کی مبارکباد دی جبکہ شہباز شریف کی سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان سے بھی بات چیت ہوئی جس کے دوران انہوں نے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے چوہدری شجاعت اور خالد مقبول صدیقی کو بھی فون پر عید کی مبارکباد دی۔
شہباز شریف نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان ، خالد مگسی، اختر مینگل ، آفتاب شیرپاؤ اور ساجد میر کو بھی فون کیا اور عید کی مبارکباد پیش کی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عید پر پاکستان کی بہتری کے لئے مل کر کام کرنے کا عزم دہراتے ہیں، امید ہے پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے اتحادی جماعتیں کردار ادا کرتی رہیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دنیا میں کھویا مقام واپس دلائیں گے، نئے بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے ہر ممکن اقدامات اٹھائے ہیں۔
ٹیلی فونک رابطوں کے دوران سیاسی رہنماؤں نے بھی وزیراعظم شہبازشریف کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی اور اتحادی حکومت سے تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
وزیر اعظم کا گورنرز کو ٹیلی فون
علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے چاروں صوبوں کے گورنرز سلیم حیدر،کامران ٹیسوری، فیصل کریم کنڈی اور جعفر مندوخیل کو بھی فون کیا اور عید کی مبارکباد دی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے چاروں گورنرز کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے صدر آزاد کشمیر سلطان محمود اور وزیراعظم چوہدری انوار الحق کو بھی فون کیا جبکہ پنجاب ، سندھ اور گلگت بلتستان کے وزرا اعلیٰ کو بھی عید کی مبارک دی۔
انہوں نے مریم نواز، مراد علی شاہ اور گلبر خان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
عسکری قیادت سے رابطہ
وزیراعظم شہباز شریف نے عسکری قیادت اور افواج پاکستان کو بھی عید الاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی اور مادر وطن کی حفاظت یقینی بنانے پر مسلح افواج کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
وزیراعظم نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو ٹیلی فون کیا ، سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف اور سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل ظہیر بابر سدھو کو بھی عید کی مبارکباددی ۔
شہباز شریف کا کہنا تھا افواج پاکستان کے سربراہان کی قیادت میں جوان دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنارہے ہیں، پوری قوم سرحدوں پر وطن کی حفاظت پر مامور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔