پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں مئی کے دوران سالانہ بنیادوں پر12 فیصدکااضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پاکستان شماریات بیوروکے اعدادوشمارکے مطابق مئی میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات پر1.578 ارب ڈالرکازرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ سال مئی کے مقابلہ میں 12 فیصد زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال مئی میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات پر1.408 ارب ڈالرکازرمبادلہ خرچ ہواتھا۔ اپریل کے مقابلہ میں مئی میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر6 فیصدکی کمی ہوئی، اپریل میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات کاحجم 1.677 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اعداد وشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات کا مجموعی حجم 15.339 ارب ڈالرریکارڈ کیا گیا ہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 15.382 ارب ڈالرز کے مقابلہ میں 0.3 فیصد کم ہے۔