سنگاپور سے تعلق رکھنے والے فیشن فوٹوگرافر چوانڈو ٹان اپنے کام کی بجائے اپنی شخصیت کی وجہ سے زیادہ مشہور ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کی اصل عمر تو 58 سال ہے مگر زیادہ تر افراد انہیں 25 سے 30 سال کا قرار دیتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق چوانڈو ٹان کی پیدائش 1967 میں ہوئی تھی اور 1980 کی دہائی میں ایک ماڈل کے طور پر فیشن انڈسٹری میں قدم رکھا جبکہ 90 کی دہائی میں ایک گلوکار بھی رہے، جس کے بعد فوٹوگرافی کے شعبے میں قدم رکھا۔
ایک دہائی قبل انہوں نے اپنے فوٹو اسٹوڈیو کے لیے ایک انسٹا گرام اکاؤنٹ بنایا اور اپنی تصاویر مختلف کیپشنز کے ساتھ شیئر کیں۔ ان کی سدا بہار جوانی کے حوالے سے انسٹا گرام میں کافی خیالات ظاہر کیے گئے تو انہوں نے اس کا راز خود بتایا۔
چوانڈو ٹان کا ماننا ہے کہ ہماری غذا شخصیت پر اندازوں سے زیادہ اثرانداز ہوتی ہے، کیونکہ ہماری اچھی جسمانی اور ذہنی صحت کا 70 فیصد انحصار غذا پر ہوتا ہے۔ ان کے مطابق جسمانی سرگرمیاں بھی اس حوالے سے اہم ہوتی ہیں۔