آئر لینڈ اور امریکہ کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ ہونے سے پاکستان ایونٹ سے باہر جبکہ ایک پوائنٹ حاصل کر کے امریکہ سپر ایٹ مرحلے میں پہنچ گیا ۔
تفصیلات کے مطابق آئرلینڈ اور امریکہ کے درمیان ورلڈ کپ کا 30 واں میچ آج شیڈول تھا جس میں امریکہ کی شکست کے باعث پاکستان کی سپر ایٹ مرحلے میں داخلے کی امیدیں تھیں جو کہ اب ٹوٹ چکی ہیں ۔
شدید بارش کے باعث سٹیڈیم میں شدید پانی تھا جسے سکھانے کی بھر پور کوشش کی گئی اور ایک مقام پر میچ کو 5 اوورز تک محدود کرنے کا بھی اعلان کیا گیا لیکن کوئی تدبیر کام نہ آئی اور گیلی آوٹ فیلڈ کے باعث میچ منسوخ کرنا پڑا ۔
میچ منسوخ ہونے کے باعث امریکہ اور آئر لینڈ کو ایک ایک پوائنٹ دیدیا گیا جس کے بعد ٹیبل پوزیشن پر امریکہ 5 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ بھارت 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہونے کے باعث سپرایٹ مرحلے میں پہنچ گیاہے ۔
پاکستان کی ٹیم ایونٹ میں اپناچوتھا اور آخری میچ 16 جون کو کھیلنے کے بعد وطن واپس لوٹ آئے گی ۔جبکہ اس سے قبل پاکستان کو پہلے میچ میں امریکہ کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔
پاکستان کا دوسرا مقابلہ بھارت سے ہوا جہاں قومی ٹیم کے رینکنگ میں پہلے نمبروں پر رہنے والے بیٹسمین 120رنز کا انتہائی آسان ہدف بھی عبور نہیں کرپائے ۔