ریپبلکن ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد بدھ کو عالمی رہنماؤں نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایلن مسک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پیغامات جاری کرنے کا سلسلہ شروع کر دیاہے ۔۔ ان رہنماؤں نے ٹرمپ کی واپسی پر ان کا خیرمقدم کیا اور انہیں دوسری مدت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف
" ڈونلڈ ٹرمپ کو دوسری مدت کے لیے تاریخی جیت پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ میں پاکستان-امریکہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نئی انتظامیہ کے ساتھ قریبی کام کرنے کا خواہاں ہوں۔"
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی
"میرے دوست، آپ کو تاریخی کامیابی پر دلی مبارکباد! میں آپ کے پچھلے دور کے کامیابیوں کو آگے بڑھانے اور بھارت-امریکہ کے اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا منتظر ہوں۔ آئیے، مل کر اپنے لوگوں کے فائدے کے لیے اور عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے کام کریں"۔
یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی
"میں عالمی امور میں صدر ٹرمپ کے 'طاقت کے ذریعے امن' کے عزم کی قدر کرتا ہوں۔ یہی اصول یوکرین میں منصفانہ امن کے قیام میں معاون ثابت ہوسکتا ہے" ۔
اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو
"تاریخ کی سب سے بڑی واپسی پر مبارک ہو! وائٹ ہاؤس میں آپ کی تاریخی واپسی امریکہ اور اسرائیل کے درمیان عظیم اتحاد کی طرف ایک نیا آغاز ہے۔ یہ ایک عظیم کامیابی ہے! خلوص ِدوستی کے ساتھ"۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون
"مبارک ہو، صدر ڈونلڈ ٹرمپ۔ جیسا کہ ہم نے چار سالوں کے دوران مل کر کام کیا، اسی طرح اب بھی ایک دوسرے کے ساتھ احترام اور جذبے کے ساتھ کام کریں گے۔ مزید امن اور خوشحالی کے لیے،" میکرون نے X پر لکھا۔
ترکیہ کے صدر طیب اردگان
"میں اپنے دوست ڈونلڈ ٹرمپ کو دوبارہ امریکی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میں امید کرتا ہوں کہ اس نئے دور میں ترک-امریکہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور فلسطین کا مسئلہ اور روس-یوکرین جنگ جیسے علاقائی و عالمی بحران ختم ہوں گے۔"
جرمن چانسلر اولاف شولز
"ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتاہوں ۔ جرمنی اور امریکہ نے طویل عرصے سے مشترکہ خوشحالی اور آزادی کو فروغ دینے کے لیے کامیابی سے کام کیا ہے۔ ہم اپنے شہریوں کے فائدے کے لیے یہ تعاون جاری رکھیں گے۔"
برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر
"صدر ٹرمپ کو تاریخی انتخابی جیت پر مبارکباد۔ میں آنے والے سالوں میں آپ کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں۔ آزادی، جمہوریت اور کاروباری اصولوں کے دفاع میں ہم ہمیشہ ساتھ کھڑے ہیں۔"
ڈچ وزیراعظم ڈک سکوف
"صدر ٹرمپ کو فتح پر مبارکباد۔ امریکہ نیدرلینڈز کا اہم اتحادی ہے، چاہے وہ دوطرفہ تعلقات ہوں یا نیٹو جیسے بین الاقوامی تناظر میں۔ میں ہمارے مشترکہ مفادات کے لیے قریبی تعاون کا منتظر ہوں۔"