قومی اقتصادی بجٹ 2024-25 کے دستاویزات کے مطابق اگلے مالی سال میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے،نئے بجٹ میں آئی ٹی سیکٹر کیلئے79ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والے نئے بجٹ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی شعبے کیلئے 79ارب روپے یہ اب تک رکھی جانے والی سب سے زیادہ رقم ہے، ایف بی آر کی ڈیجٹلائزیشن اور اصلاحات کیلئے7 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔
بجٹ اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں آئی ٹی پارک کی تعمیر کیلئے 8 ارب روپے رکھے جائیں گے، بجٹ میں ٹیکنالوجی پارک ڈویلپمنٹ پروجیکٹ اسلام آباد کیلئے 11ارب روپے مختص کئے ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کیلئے2 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے، ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر انفارمیشن کیلئے 20 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔