وفاقی بجٹ تیاری میں ن لیگ کی سولو فلائٹ پر پیپلز پارٹی نے تحفظات کا اظہار کردیا۔
حکومتی اتحادی پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا مجوزہ وفاقی بجٹ سے اظہار لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیسی تجاویز؟ کیسا بجٹ؟ حکومت نے کچھ بتایا نہ ہی اعتماد میں لیا۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ نہیں معلوم ن لیگ نجکاری، ٹیکسز یا ترقیاتی پروگرام پر کیا کر رہی ہے؟ نہیں پتہ کہ عوام کو ریلیف دینے میں کس صوبے کو کیا حصہ مل رہا ہے؟ وفاقی وزارتوں کے منصوبوں میں کیا نیا ہے کیا پرانا؟ ہمیں نہیں بتایا گیا۔
رہنما پی پی کا کہنا ہے کہ حکومت نے یہ بھی نہیں بتایا کہ بجٹ حکومت خود بنا رہی ہے یا آئی ایم ایف کا مسلط کردہ ہے، پیپلز پارٹی نے حکومت کا سارا بوجھ شیئر کر رکھا ہے، بجٹ میں عوام ہم سے پوچھے گی کہ یہ کیا کردیا تو کیا جواب دیں گے؟ پیپلز پارٹی کو سیاسی طور پر دیکھنا ہوگا کہ بجٹ پر کیا فیصلہ کرنا ہے؟ یہ نہیں ہوسکتا کہ حکومت کا ساتھ دینے کے چکر میں عوام پر ظلم ہوتا دیکھتے رہیں۔
خورشید شاہ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کا اپنا منشور ہے،وفاقی بجٹ میں ہماری تجاویز ہر صورت شامل ہونی چاہئیں، افسوس کہ ہمیں یہ بات کہنا پڑرہی ہے، ن لیگ کو کہے بغیر کرنا چاہئے تھا۔