امریکہ نے سپر اوور مرحلے میں پاکستان کو شکست دیتے ہوئے ایونٹ کا پہلا بڑا اپ سیٹ کر دیاہے تاہم امریکہ کی جانب سے سپر اوور کروانے والے باولر کے بارے میں ایسی معلومات سامنے آئیں ہیں کہ جان کر آپ کو شدید حیرت ہو گی ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے خلاف شاندار بولنگ کرکے اپنی ٹیم کو تاریخی فتح دلوانے والے بھارتی نژاد امریکی فاسٹ بولر ’سوربھ نیتراولکر ‘پیشے کے لحاظ سے سافٹ ویئر انجینیئر ہیں۔ 32 سالہ نیتراولکر گزشتہ 8 سالوں سے امریکا میں ٹیک کمپنی اوریکل میں سافٹ ویئر انجینیئر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
ان کے LinkedIn پروفائل کے مطابق سوربھ اوریکل کمپنی میں پرنسپل ممبر آف ٹیکنیکل اسٹاف ہیں۔پاکستان کے خلاف تاریخی فتح حاصل کرنے کے بعد اوریکل کمپنی نے سوربھ کو شاندار کارکردگی پر مبارک باد بھی دی ہے۔
واضح رہے کہ سوربھ امریکا منتقل ہونے سے قبل بھارتی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی بھی نمائندگی کرچکے ہیں۔ کچھ رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ زیادہ تر امریکی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی پیشے کے لحاظ سے دوسرے شعبوں سے وابستہ ہیں اور وہ کرکٹ کو پارٹ ٹائم کھیلتے ہیں۔
ڈیلس میں گروپ اے کے کھیلے گئے میچ میں امریکا کے کپتان مونانک پٹیل نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے، جواب میں امریکا نے بھی3 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز اسکور کیے۔
امریکا کو میچ جیتنے کے لیے آخری گیند پر 5 رنز درکار تھے،امریکی بیٹر نتیش کمار نے حارث رؤف کو چوکا مار کر میچ برابر کردیا اور پھر میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔سپر اوور میں امریکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 18 رنز اسکور کیے اور گرین شرٹس کو 19 رنز کا ہدف ملا۔جواب میں امریکی فاسٹ بولر سوربھ نیتراولکر کی شاندار بولنگ کی بدولت پاکستان ہدف کا تعاقب نہ کرسکا اور صرف 13 رنز بنا سکا۔