سابق بھارتی کرکٹر یوراج سنگھ نے امریکہ کے ہاتھوں پاکستان کی اپ سیٹ شکست پر بیان جاری کیا جو کہ صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق یوراج سنگھ نے اپنے پیغام میں انتہائی اہم سوالات اٹھائے اور ساتھ ہی امریکہ کی ٹیم کو بہترین کھیل پیش کرنے پر داد بھی دی، انہوں نے کہا کہ 'مجھے سمجھ نہیں آیا کہ جب امریکی ٹیم کی جانب سے بائیں ہاتھ کا بولر بولنگ کروارہا تھا تو فخر زمان نے اسٹرائیک کیوں نہیں لی، فخر چونکہ بائیں ہاتھ کے بیٹر ہیں اس لیے ان کے لیے اس بولر کو ہٹ لگانا یا کھیلنا آسان ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی ٹیم کو بہترین فیصلہ سازی پر داد دینی چاہیے اور سب سے زیادہ مستحق کپتان مونارک پٹیل ہیں جنہوں ے پریشر کے باوجود شاندار کھیل پیش کیا ۔
انہوں نے مزید لکھا کہ 'اب پاکستان کو بھارت کے خلاف لازمی جیتنا ہوگا اور انہیں یقینی طور پر بیٹنگ اور فیلڈنگ میں اچھی کارکردگی دکھانی ہوگی، چونکہ بھارت کا ورلڈکپ ایونٹ میں مضبوط آغاز ہوا ہے لہٰذا ہمیں ہرانا مشکل ہوگا'۔
یاد رہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان میچ برابر ہونے کے بعد سپر اوور کے مرحلے میں داخل ہوا جس دوران امریکہ نے پاکستان کو چھ رنز سے شکست دیتے ہوئے کامیابی سمیٹی، سپر اوور میں عامر نے تین وائڈ کروائیں جس پر 7 اضافی رنز بنے جبکہ بیٹنگ کے شعبے میں افتخار نے سٹرائیک کا آغاز کیا ۔