اسلام آباد کی عدالت نے نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں جلد مقرر کرنے سے متعلق بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر فریقین کو دوبارہ نوٹسز جاری کر دیئے۔
جج افضل مجوکا نے درخواست کے ساتھ بیان حلفی لگانے کی بھی ہدایت اور کہا صرف بشریٰ بی بی کی درخواست پر فیصلہ میرا ذہن ظاہر کرنے کے مترادف ہوگا۔
جمعہ کو ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا نے بانی تحریک انصاف اور بشریٰ بی بی کے خلاف دوران عدت نکاح کیس کی سماعت کی، بانی پی ٹی آئی کی جانب سے بھی اپیلیں جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے اور سزا معطلی کی درخواست دائر کی گئی۔
جج نے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ اپیلوں کی جلد سماعت چاہتے ہیں یا صرف بشریٰ بی بی کی سزا معطلی ؟ اگر میں صرف بشریٰ بی بی کی درخواست پر فیصلہ کروں تو مائنڈ ظاہر کر دوں گا ۔
وکیل نیاز اللہ نیازی نے کہا عدالت اپنا اختیار استعمال کرتے ہوئے خود بھی بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی دونوں کی درخواستوں کو ایک ساتھ مقرر کرسکتی ہے، اس کے باوجود بانی پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست دے رہے ہیں۔
جج نے کہا کہ ایک ملزم کی جانب سے جلد سماعت کی درخواست آئی، عدالت نے چیزوں کو بیلنس کرنا ہوتا ہے، سادہ کاغذ پر درخواست دی گئی ہے، بیان حلفی بھی ساتھ لگائیں۔
عدالت نے نئی درخواست پر فریقین کو دوبارہ نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت 11 جون تک ملتوی کر دی ۔
یاد رہے کہ نکاح کیس میں مرکزی اپیل 25 جون کو سماعت کے لیے مقرر ہے۔