لاہور ہائیکورٹ نے نیب قانون میں صدارتی آرڈیننس کے ذریعے ترمیم کیخلاف درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
جمعرات کو لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے شہری منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی جس میں نیب کے قانون میں ترامیم کو چیلنج کیا گیا۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ قانون کے منافی آرڈیننس منظور کیا گیا ، صدر آصف زرداری کی غیر موجودگی میں آرڈیننس منظور کیا گیا جو غیر آئینی ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ پارلمنٹ قانون سازی کے لیے موجود ہے ، اس آرڈیننس میں جسمانی ریمانڈ بھی چالیس دن کا کیا گیا ہے جس کا مقصد صرف ایک سیاسی جماعت کو نشانہ بنانا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت صدارتی آرڈیننس کو کالعدم قرار دے۔
بعدازاں، عدالت عالیہ نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔